سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کوریا کے پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

بدھ 24 اپریل 2019 19:06

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کوریا کے پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر دونوں اقوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوریا کے پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اراکینِ پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع کر رہی ہے، جن سے کوریا کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ کوریا میں موجود پاکستانی ورکرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سربراہ کورین وفد نے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کوریا ایک مضبوط اور مٴْستحکم پاکستان دیکھنے کا خواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکینِ وطن کی ایک بڑی تعداد کوریا کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی رابطوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہمیشہ پیار اور محبت ملی ہے اور کوریا تمام سماجی اور اقتصادی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔