سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی ملاقات

بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ اورکرکٹ ورلڈ کپ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 24 اپریل 2019 19:06

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت کرکٹ سمیت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ سے کرکٹ ڈپلومیسی کو فروغ حاصل ہوگا اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ اورکرکٹ ورلڈ کپ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی اراکینِ پارلیمنٹ کی ٹیم کے لیے تربیتی کیمپ کے انعقاد میں پی سی بی کے تعاون کو سراہتے ہوئے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے سپیکر کو بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ اور ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوںسے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے، پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پٴْرعزم ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹیم کی تیاری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔