پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے،

دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثہ کی مضبوط بنیاد پر استوار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار اور آزمودہ دوستانہ تعلقات ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی شوریٰ کونسل آف سعودی عرب کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله محمد ابراہیم الشیخ سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2019 19:56

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثہ کی مضبوط بنیاد پر استوار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار اور آزمودہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوریٰ کونسل آف سعودی عرب کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله محمد ابراہیم الشیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین پارلیمانی تعاون پر اطمینان اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وفود کے تبادلوں سے اشتراک کار مزید بہتر ہو گا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کے کامیاب دورہ پاکستان کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی دورے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین ٹھوس اور نتیجہ خیز سیاسی، اقتصادی اور تزویراتی بات چیت کا موقع ملے گا۔ انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے اقتصادی تعاون پر پاکستان کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پائیدار اور جامع شراکت سے دونوں ممالک بہت سے معاملات اور فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کار کریں گے۔

صدر مملکت نے پاکستان کیلئے حج کوٹہ 2 لاکھ تک بڑھانے اور ویزا فیس میں نمایاں کمی کے سعودی عرب کے فیصلہ کو سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے حوالہ سے پاکستانی افرادی قوت کیلئے زیادہ مواقع کی فراہمی کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله محمد ابراہیم الشیخ نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں دونوں اطراف کو اپنی کوششیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔