پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی مل کر پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی پیداوار پر کام کریں گے

بدھ 24 اپریل 2019 22:48

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز اور چین کی وہان یونیورسٹی باہمی اشتراک سے چین میں ہائبرڈ چاول کی پیداوار پر کام کریں گے۔ اس سلسلے میں وہان یونیورسٹی کے وفد نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد، وہان یونیورسٹی سے پروفیسر رینشان ذو، ڈاکٹر زیانٹنگ وو، ایروزو، گوابو یوان، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق اور سائبان گروپ آف انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعظم چیمہ موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا یہی کردار ہے کہ وہ ملک اور معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایسے تحقیقاتی منصوبوں کو فروغ دے رہی ہے جس سے معاشرے اور ملک پر مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔ بعدازاں چینی وفد نے انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کی لیبارٹریوں اور ہائبرڈ چاول کی پیداوار کے تجرباتی علاقے کا دورہ کیا اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر کی کاوشوں کو سراہا۔