Live Updates

ٓوزیراعظم کا ایران کا دورہ کامیاب رہا،پڑوسیوں سے بہتر تعلقات اچھی روایت ہے،عمران اسماعیل

دنیا کے کئی ممالک میں صدارتی نظام کے تحت حکومتیں چلتی ہیں، پارلیمانی یا صدارتی نظام میں جمہوریت کا ہونا لازمی ہے،گورنرسندھ کی شہبازقلندر کے دربار پر حاضری کے دوران میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2019 22:48

ٓوزیراعظم کا ایران کا دورہ کامیاب رہا،پڑوسیوں سے بہتر تعلقات اچھی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ لال شہباز قلندر کی نگری میں آنا خوش نصیبی ہے اور صوبہ سندھ لال شہباز قلندر جیسے صوفی بزرگوں کی وجہ سے پرامن اور اآباد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ لال شہباز قلندر کی مزار پر حاضری دیں جوکہ آج اللہ تعالیٰ نے پوری کی ہے۔

یہ بات انہوں نے لال شہباز قلندر رحمت اللہ علیہ کے 767 ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کا افتتاح مزار پر چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزار پر تاخیر سے پہچنے کی وجہ ٹریفک تھی کیونکہ میرے پاس کوئی جیٹ جہاز یا ہیلی کاپٹر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لال شہباز قلندر کے عرس مبارک کے موقع پر ملک کے کونے کونے سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ایک اندازے کے مطابق 25 سے 30 لاکھ زائرین عرس مبارک میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی معاشی بحران کا شکار نہیں ہے تاہم کوئی مسئلہ پیش آیا تو ذاتی طور پر وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کرکے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت مظبوط پوزیشن میں ہیں اور وہ ملک کیلئے جو کام کررہے ہیں وہ ماضی کے ادوار کے حکمرانوں نے نہیں کیا اور ملک کو کافی وقت سے ایسے حکمران کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک کو اس وقت معاشی مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ ماضی کی حکومتیں ہیں جن کے حکمرانوں نے بھاری قرضے لئے اور موجودہ حکومت وہ قرضے اتار رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹیم کے کپتان ہیں اور انہیں وہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے کسی بھی کھلاڑی کو کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل کرسکتے ہیں کیونکہ حکومت کی کارکردگی کی ذمہ داری وزیر اعظم پاکستان پر عائد ہوتی ہے۔

نیب سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ سیاسی بیان سے ہٹ کر کہونگا کہ نیب ملک کا آزاد اور بااختیار ادارہ ہے اور یہ ملک کے کسی بھی حصے میں ٹھوس ثبوت ملنے پر کسی کے خلاف بھی غیرجانبدارانہ کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا ایران کا دورہ کامیاب رہا اور پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات ایک اچھی روایت ہے۔ صدارتی نظام سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں صدارتی نظام رائج ہے جس کے تحت حکومتیں چلتی ہیں تاہم پارلیمانی یا صدارتی نظام میں جمہوریت کا ہونا لازمی ہے۔

اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اوقاف محمد نواز، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ، چیئرمین شہباز میلا کمیٹی و ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف منور علی مہیسر، ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو یادگار شیلڈ اور سوینیئر کا تحفہ پیش کیا۔ بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں غریب خواتین میں کپڑے اور مٹھائی تقسیم کی اور مزار کا تفصیلی معائنہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات