پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

بدھ 24 اپریل 2019 22:35

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پنجاب ٹیچرز یونین لاہور کے عہدیداران میاں ارشد، چوہدری محمد علی ، مرزا طارق، رانا خالد، زبیر زیدی، حافظ نذیر گجر، ارشد خان، محمد افضل محمد اسماعیل ، مرزا اختر بیگ ، سعید الحسن، محمود رضا اور رانا لیاقت علی نے مرکزی چیئرمین سید سجاد اکبر کاظمی کی قیادت میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور پرویز اختر خان سے ملاقات کی۔

وفد نے اساتذہ کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیااور اُن کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں۔ باہمی اتفاق رائے سے طے پایاکہ ایس ایس ٹی/ای ایس ٹی پروموشن کے لئے 3سے 5سال کی اے سی آرجمع کرائی جائیں۔پروموشن کے لئے ڈی پی سی مئی 2019 کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔کئیر سکولوں میں ہونیوالی ٹرانسفرز پر نظر ثانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اے ای اوزانسپیکشن کے بجائے کوالٹی آف ایجوکیشن کے لئے کام کریں گے۔

آئندہ ہفتہ سے اے ای اوز روزانہ ایک یا دو سکولوں کی مینٹورنگ کریں گے۔ایجوکیشن کمپلیکس میں ٹیچرز ویٹنگ روم بنایا جائے گا۔ایم ای ایز کی رپورٹ کو بار بار دفاتر میں طلبی کا خاتمہ کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی و توسیع کے لئے آئندہ ہفتہ میں آرڈرز جاری ہونگے۔جی پی فنڈ کی منظوری کے لئے بیلنس شیٹ کی فراہمی ضروری نہیں،صرف ڈی ای او کی تصدیق ضروری ہوگی۔

ضلعی سطح پر ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اساتذہ کے زیر التواء کوالیفکیشن الائونس و این او سی 15 روز میں نمٹا دئیے جائیں گے۔اساتذہ کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے فنڈز کے حصول کے لئے محکمہ خزانہ پنجاب سے رابطہ کیا جائے گا۔سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان نے مزید کہا کہ میری اولین ترجیح اساتذہ کے زیر التواء مسائل کو نمٹانا ہے۔

یونین زیر التواء کیسز کی نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کوالٹی آف ایجوکیشن کے لئے محنت کریں اور اچھے نتائج دیں۔اچھے نتائج دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افرائی کی جائے گی اور اساتذہ کو اُن کا جائز مقام دیا جائے گا۔ اساتذہ کو بلاوجہ تنگ کرنے والے اہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔وفد نے اساتذہ کے دیرینہ مسائل کو فوری حل کرنے پرسی ای اوایجوکیشن لاہور پرویز اختر خان کا شکریہ ادا کیا۔