مسلم لیگ ن نے مہنگائی قرضے لے کر کم کی

یہ بات جھوٹ ہے کہ ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے ۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 اپریل 2019 11:23

مسلم لیگ ن نے مہنگائی قرضے لے کر کم کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2019ء) : سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگائی کم ہونے کی وجہ بتا دی۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے اپنے دور حکومت میں قرضے لے کر مہنگائی کم کی تھی۔ یہ بات جھوٹ ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے تھے ، ن لیگ نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں 9 ہزار 2 سو ارب روپے کے قرضے لیے۔

یہی قرضے لے کر ن لیگ نے ملک میں مہنگائی کم کی تھی۔ قرضے لے کر مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور میں ملک بھر میں انفرا اسٹرکچر کا جال بچھایا اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور کے بعد ملک میں افراط زر کی شرح 3.6 فیصد تھی جو چالیس سال کی کم ترین سظح تھی، ہم نے نہ تو روز مرہ اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے دیا اور نہ ہی ادویات کی قیمتیں بڑھنے دیں۔

(جاری ہے)

ضرب عضب کا میجر آپریشن بھی ہم نے فنانس کیا ہم نے سکیورٹی ڈیفنس کے فنڈ کو پانچ سو پچاس ارب روپے سے بڑھا کر گیارہ سو بلین کر دیا۔ ہم نے پاکستان میں ریونیو کو بھی دوگنا کیا جو 19 سو ارب روپے سے بڑھا کر 3800 ارب روپے پر چلا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھئے:
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرنے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس کیا تو اس پر سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی اس تبدیلی پر رد عمل دیا تھا۔

اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میں نے عوام کو حکومت کی معاشی پالیسیوں کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ اسحاق ڈار کو واپس لانے کی کوششوں میں بھی ہے۔