بھارت کی ریاستی دہشت گردی:قابض فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے.پاکستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات اپریل 11:26

بھارت کی ریاستی دہشت گردی:قابض فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا
سرینگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 اپریل۔2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے کشمیری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ بھی کر رہا ہے اور نام نہاد سرچ آپریشن جاری ہے‘کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے.

خیال رہے کہ بھارت میں انتخابات کے موقع پر کشمیریوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے وادی میں ہڑتال کر رکھی ہے.

(جاری ہے)

بھارتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ریاستوں میں پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں.ادھر بھارتی تحقیقاتی ادارے کی حریت رہنمایاسین ملک پر دباﺅ بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، نئی دہلی کی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کو 24 مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے.

کشمیری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے کے زیرِ حراست یاسین ملک کی حالت تشویش ناک ہے، انہیں جموں کی جیل سے نئی دلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا گیا تھا. بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے نواسے انیس الاسلام کو پوچھ گچھ کے لیے 29 اپریل کو نئی دہلی طلب کر لیا ہے‘واضح رہے کہ انیس الاسلام کے والد اور سیدعلی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ بھی نئی دہلی کی جیل میں قید ہیں.

چند روز قبل بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سابق کمانڈر لیفٹننٹ جنرل دیپندر سنگھ ہوڈا نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم وادی کشمیر میں عوام کو ایک اچھا بیانیہ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں . انہوں نے کشمیریوں میں بھارت کے خلاف بڑھتے ہوئے غم و غصے اور احساس محرومی کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردانہ سلوک اور سیاسی مقاصد کو واضح کرنے پر زور دیا تھا.

دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے. اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی تعلقات اور پرامن سفارت کاری پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی حل درکار ہے‘ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے. انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو نظرانداز کرنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے‘ملیحہ لودھی نے کہا کہ یک طرفہ اقدامات بے امنی اور عالمی انتشار کا باعث بنیں گے.