انگلینڈ میں پاکستانی کرکٹرز کی نماز ادائیگی کیلئے سکیورٹی پلان جاری

مساجد میں نمازوں کے ادائیگی کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی حکام کو آگاہ کیا جائےگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات اپریل 11:27

انگلینڈ میں پاکستانی کرکٹرز کی نماز ادائیگی کیلئے سکیورٹی پلان جاری
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25اپریل2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حملوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست پر انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے نیا سکیورٹی پلان جاری کیا ہے، خاص طور پر مساجد میں نمازوں کے ادائیگی کیلئے میزبان بورڈ کے سکیورٹی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے آئی سی سی اور ای سی بی کو خط تحریر کیے تھے کہ پاکستانی کھلاڑی بھی مساجد میں جاتے ہیں اور خاص طور نماز جمعہ کی ادائیگی مسجد میں کرتے ہیں، چوںکہ نیوزی لینڈ میں بنگلہ دیش کی ٹیم دو مساجد پر دہشتگرد حملے میں بال بال بچ گئی تھی اس لیے انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کیلئے سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے جائیں،اس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان ٹیم کیلئے نیا سکیورٹی پلان بھیجا تھا،جمعے کو مسجد میں سکیورٹی حصار میں پاکستانی کرکٹرز نماز ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انگلش بورڈ کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی اسی طرح کا سکیورٹی پلان لائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش کرکٹ بورڈ کی مدد سے ٹیموں کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سکیورٹی آفیسر میجر(ر) اظہر کے ساتھ انگلش بورڈ کے ونز نامی سکیورٹی آفیسر ہیں، ونز ماضی میں انٹیلی جنس افسر رہ چکے ہیں۔