خانیوال کی ایک سڑک پر رات گئے رکشے کا انتظار کرنے والا کم سن بچہ

سڑک سے گزرنے والے ایک شخص نے اپنی گاڑی میں لفٹ دے دی ، بچے کی درد بھری کہانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 اپریل 2019 11:43

خانیوال کی ایک سڑک پر رات گئے رکشے کا انتظار کرنے والا کم سن بچہ
خانیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2019ء) : خانیوال کی ایک شاہراہ پر رات گئے ایک شخص نے رکشے کے انتظار میں کھڑے ایک کم سن بچے کو لفٹ دی ۔ تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایک شہری اپنی گاڑی میں سڑک سے گزر رہا تھا کہ اسے سڑک کنارے ایک بچہ ہاتھ میں کتابیں تھامے کھڑا نظر آیا۔ شہری نے گاڑی روک کر جب اس بچے سے استفسار کیا کہ یہاں اتنی رات کو کیوں کھڑے ہو؟ تو کم سن بچے نے جواب دیا کہ میں یہاں گھر جانے کے لیے رکشے کے انتظار میں کھڑا ہوں لیکن کوئی رکشہ مل نہیں رہا۔

جس پر اُس شہری نے اس بچے کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھایا اور باحفاظت گھر پہنچانے کا وعدہ کیا۔ دورانِ سفر شہری نے بچے کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی جس میں بچے نے بتایا کہ اس کے والد کا انتقال ہوچکا ہے، وہ گھر چلانے کے لیے کتابیں بیچتا ہے، ایک کتاب 100 روپے کی بکتی ہے جس میں اسے 40 روپے منافع ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا چھوٹا بھائی بھی مجبوری میں کام کرتا ہے۔

اور قلفی بیچتا ہے۔ بچے نے بتایا کہ اسے انڈے اور بریڈ گھر لے کر جانا ہے۔ لفٹ دینے والے نیک صفت شہری نے نہ صرف بچے کو راستے سے ناشتے کا سامان دلوایا بلکہ اس سے اس کی تمام کتابیں بھی خرید لیں۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔ اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
اس ویڈیو کو دیکھ کر کچھ صارفین نے تو نیک صفت شہری کو بچے کی مدد کرنے پر خوب سراہا اور ان کے انسانیت کے جذبے کی خوب تعریف کی۔

جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں موجود مخیر حضرات کو ایسے بچوں کی ہر ممکن حد تک مالی مدد کرنی چاہئیے کیونکہ ایسے بچے بھیک نہیں مانگتے بلکہ محنت کر کے اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتے ہیں، اس طرح کے بچے چاہےکتنے بھی چھوٹے کیوں نہ ہوں ، وہ گھر کے ہمیشہ بڑے ہی ہوتے ہیں۔