شفیق آباد میں بیٹے نے گھریلو جھگڑے پر والد اور 2بہنوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

ملزم اپنی بیوی کو طلاق کے بعد واپس گھر لانا چاہتا تھا جس پر اکثراس کا گھروالوں کیساتھ جھگڑا رہتا تھا. بھائی کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 اپریل 2019 11:58

شفیق آباد میں بیٹے نے گھریلو جھگڑے پر والد اور 2بہنوں کو قتل کرکے خودکشی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 اپریل۔2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے شفیق آباد میں بیٹے نے گھریلو جھگڑے پر والد اور 2بہنوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی ہے. تھانہ شفیق آباد کی حدود میں رات گئے قتل کی لرزہ خیز واردات میں گھریلو تنازعے پراویس نے فائرنگ کرکے اپنے والد ریاض اور 2بہنوں مریم اور سدرہ کو قتل کرکے خودکشی کرلی جبکہ بھائی فرحان زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے.

پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرکے تفتیش شروع کر دی.

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق شفیق آباد میں اویس نامی نوجوان نے اپنی دو بہنوں اور باپ پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے تینوں جاں بحق ہوگئے جبکہ گولی لگنے سے اس کا بھائی فرحان زخمی ہوگیا،گھریلو جھگڑے پر ہو نیوالی فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں سدرہ، مریم اور ریاض شامل ہیں، مبینہ طور پر ملزم اویس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا، اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی، ڈی ایس پی شفیق آباد، فرانزک ٹیمیں اورپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

ایس پی سٹی نے بتایا کہ واقعے کا تمام پہلوﺅں سے جائزہ لے رہے ہیں، زخمی فرحان کے بیان کے بعد حقائق سامنے آئیں گے‘ملزم اویس کے بھائی شہزاد کا کہنا ہے کہ اویس نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی تھی اب اسے واپس گھر لانا چاہتا تھا جس پر اکثراس کا گھروالوں کیساتھ جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ شب بھی جھگڑا ہوا تو اس نے طیش میں آکر فائرنگ کردی. محلے دارو ں نے بتایا ہے کہ مقتول ریاض انتہائی شریف انسان تھا، اویس کی گھر والوں کیساتھ اپنی بیوی کو واپس لانے پر اکثر اوقات تلخ کلامی ہوتی رہتی تھی، اویس کا اپنے سسرال والوں کے ساتھ بھی جھگڑا چل رہا تھا.