سری لنکا میں حملوں کا الزام، مزید 16 مشکوک افرادگرفتار

جمعرات 25 اپریل 2019 12:47

سری لنکا میں حملوں کا الزام، مزید 16 مشکوک افرادگرفتار
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سری لنکا میں پولیس نے ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے الزام میں مزید 16 مشتبہ ملزمان کو جمعرات کی صبح گرفتار کرلیا۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان ملزمان پر ایک مشتبہ دہشت گرد گروپ سے منسلک ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اب تک 76 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان میں سے کئی کو فوجداری تحقیقات کے محکمے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی شہری ہوا بازی اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ملک کی فضائی حدود کے اندر ڈرون اور بغیر پائلٹ طیاروں کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اتھارٹی نے بتایا کہ ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کی پارلیمنٹ نے بغیر ووٹنگ کے ایمرجنسی کے نفاذ کو منظور دیدی ہے۔ سری لنکا میں اتوار کو بم دھماکوں میں 359 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔