حرم شریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا اختتام رمضان المبارک میں ہو گا

اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 اپریل 2019 12:29

حرم شریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا اختتام رمضان المبارک میں ہو گا
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،25 اپریل 2019ئ) سعودی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ ڈپٹی گورنر مکہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اوراس کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہزادہ بدر بن سلطان کو بتایا کہ اس توسیعی منصوبے کی تکمیل رمضان المبارک کے آغاز تک ہو جائے گی۔ اس توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز اد کر سکیں گے۔

اس توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔ اس تیسرے توسیعی منصوبے کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبدالعزیز گیٹ اور اس کے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دوران ہر وقت ہزاروں لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ حج کے بعد زائرین کا سب سے بڑا اجتماع رمضان المبارک کے مہینے میں ہوتا ہے، کیونکہ فرزندانِ توحید رمضان کے مہینے میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

حرم کعبہ کے بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ50 ہزار افراد فائدہ اُٹھاتے ہیں۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہوتے ہیں جو اپنی گاڑیاں حرم شریف سے تقریباً 10 سے 15 کلومیٹر دُور کدی کی پارکنگ میں کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے یہاں آتے ہیں۔ اس توسیع منصوبے کے بعد ایک تو حرم شریف میں بروقت نماز ادا کرنے والوں کی تعداد میں سہولت ہو گی۔ واضح رہے کہ حرم شریف میں مائیکرو چپ والے 20700قالین بھی بچھائے جائیں گے۔ جو موسمی اثرات سے زیادہ عرصے تک محفوظ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔