بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کے خلاف متحد ہوجائے،

مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام کے خلاف جاری بھارتی اقدامات نا انصافی پر مبنی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا ’’ملٹی لیٹرل ازم ڈپلومیسی فار پیس‘‘ کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 13:22

بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قراردیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام کے خلاف جاری بھارتی اقدامات نا انصافی پر مبنی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 193ویں اجلاس میں ’’ملٹی لیٹرل ازم ڈپلومیسی فار پیس‘‘ کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے بین الاقوامی برادری پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کے خلاف متحد ہوجائے یا وہ بنیادی حقوق کے حوالے سے اپنے قوانین میں تبدیلی کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قانون کے مطابق تمام لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے دنیا میں بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال میں بہتری سمیت خودمختاری اور ایک دوسرے کے ریاستی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ طاقت کے استعمال کوختم کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ طاقت کے استعمال پر گلوبل آرڈر پرعملدرآمد سے بین الاقوامی سطح پر کئی مسائل پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ایک دوسرے سے جڑ رہی ہے، بین الاقوامی تعاون ضروری ہے، اس حوالے سے ہمیں باہمی عزت و احترام اور برداشت کی اقدار کی قدر کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر بین الاقوامی مسائل کا حل عالمی سطح پر ذمہ داری کے احساس میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی حصوں میں معاشی عدم استحکام اور قوم پرستی کے باعث بہت زیادہ لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں تاکہ وہ محفوظ زندگی بسر کرسکیں جو اس بات کی علامت ہے کہ عالمی برادری کی بڑی تعداد حالیہ بین الاقوامی اقدامات کے خلاف ہے اور اس کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری باہم مل کر اس طرح کے غلط نظریات کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق ہمیں بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے باہم مل کر اقدامات کرنا ہونگے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے حوالے سے پاکستانی مندوب نے کہا کہ یہ صرف جنگ کے خلاف تحفظ اور سلامتی کا قانون نہیں ہے بلکہ یہ نا انصافی اور زیادتی کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایک امید کی کرن بھی ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد 75 برس قبل عالمی برادری کے کثیرالجہتی اقدامات سے کئی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور سماجی ترقی سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ دنیا میں بڑے پیمانے پر کوئی تیسری بدامنی پیدا نہ ہو۔

بین الاقوامی قوانین، صنفی مساوات، ماحولیاتی تحفظ اور خطرناک ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے اور خطرناک بیماریوں سے بچائو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی اور باہمی سفارتکاری کے تحت کئے گئے اقدامات سے عوام کی خدمت کے ریکارڈ کی عکاسی ہوتی ہے۔