مقبوضہ کشمیر ‘نوجوانوں کی شہادت پر ضلع اسلام آباد میں ہڑتال

شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد کی شرکت

جمعرات 25 اپریل 2019 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں ضلع اسلا م آباد کے علاقے باگندر بیج بہاڑہ میں شہید ہونے والے نوجوانوںڈاکٹر برہان الدین اور صفدر امین کی نماز جنازہ میں قابض انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے نوجوانوںکو آج( جمعرات) صبح سویرے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔

فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر برہان الدین کو اپنے آبائی علاقوں ایس کے کالونی اسلام آباد جبکہ صفدر امین کو زرپورہ بیج بہاڑہ میں آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا ۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے اسلام آباد اور بیج بہاڑہ کے قصبوں میں پابندیاں نافذ کر دی تھیں لیکن دونوں قصبوں اور ملحقہ علاقوں میں خواتین اور بچوں وسمیت ہزاروںکی تعداد میں لوگ پابندیوں کی خاطر میں نہ لاتے ہوئے نماز جنازہ میں شرکت کیلئے پہنچے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے سبب شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ متعدد مرتبہ ادا کی گئی۔دریں اثنا نوجوانوں کی شہادت پر جمعرات کو ضلع اسلام آباد میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔