نئی نسل کو شاہراہِ ریشم کی تاریخ بتانے کی ضرورت ہے، مشاہد حسین سید

اٹلی کے مارکوپولو، مراکش کے ابن بطوطہ ، چین کے عظیم بحری سیاح سمیت سب کو ایک ساتھ پیش کرنا چاہیے، کانفرنس سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 13:45

نئی نسل کو شاہراہِ ریشم کی تاریخ بتانے کی ضرورت ہے، مشاہد حسین سید
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاہے کہ نئی نسل کو شاہراہِ ریشم کی تاریخ بتانے کی ضرورت ہے،اٹلی کے مارکوپولو، مراکش کے ابن بطوطہ ، چین کے عظیم بحری سیاح سمیت سب کو ایک ساتھ پیش کرنا چاہیے۔ جمعرات کو یہاں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہاکہ نئی نسل کو ترقی کے اس سفر سے روشناس کرانے کیلئے شاہراہِ ریشم کی تاریخی کہانیاں بتائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس مقصد کیلئے ایک ویب پورٹل بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس ضمن میں مختلف قسم کے اقدامات کرنے ہوں گے، میرے خیال میں ایک خصوصی ویب پورٹل بنانا چاہیے، جہاں شاہراہِ ریشم سے متعلق کہانیاں اور مسافروں کے قصے موجود ہوں۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ اٹلی کے مارکوپولو، مراکش کے ابن بطوطہ ، چین کے عظیم بحری سیاح سمیت سب کو ایک ساتھ پیش کرنا چاہیے،ان پر اینیمیٹڈ سیریز بھی بننی چاہیے تاکہ نئی نسل اوربچوں کا تاریخی تعلق اور ماضی سے رشتہ جوڑا جاسکے۔