مکّہ مکرمہ میں تین نئے اسلامی عجائب گھر قائم کیے جائیں گے

صحابہ کرامﷺ کی حیاتِ مبارکہ سے آگاہی کے لیے سیزنل نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات اپریل 13:23

مکّہ مکرمہ میں تین نئے اسلامی عجائب گھر قائم کیے جائیں گے
مکّہ معظمہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،25 اپریل 2019ئ) مکّہ مکرمہ میں تین نئے اسلامی عجائب گھر قائم کیے جائیں گے۔ امیر مکّہ شہزادہ خالد الفیصل کی جانب سے مکّہ معظمہ میں ان تینوں اسلامی عجائب گھروں کے قیام کی منظوری دے دی گئی، اس کے علاوہ ایک سیزنل نمائش کی منظوری بھی دی گئی جس میں صحابہ کرامؓ کے حالات زندگی اور کارناموں کے متعلق ایمان افروز آگاہی دی جائے گی۔

یہ تینوں اسلامی عجائب گھر جبل عمر کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں قائم کیے جائیںگے جن کے قیام کی ذمہ داری مکّہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے انجام دی جائے گی۔ اس حوالے سے ہونے والے میٹنگ میں امیر مکّہ کے علاوہ نائب امیر مکّہ شہزادہ بدر بن سُلطان نے بھی شرکت کی۔ حکام نے اس موقع پر شہزادہ خالد کو تین عجائب گھروں اور سیزنل نمائش کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پہلے عجائب گھر کا نام ’شان اور خوبصورتی‘ رکھا جائے گا جس میں اللہ کے ناموں کو اُجاگر کیا جائے گا، دُوسرے عجائب گھر کا نام ’اخلاقِ حسنہ‘ ہو گا جس کے ذریعے نبی کریمﷺ کی سیرت کے گونا گوں پہلو ظاہر کیے جائیں گے۔ جبکہ تیسرا عجائب گھر ”مسجد الحرام کی اہم خصوصیات“ میں مسجد الحرام کی انفرادیت اور خصوصیت کو ظاہر کرے گا۔ حکام کی جانب سے امیر مکّہ کو بتایا گیا کہ ان عجائب گھروں کے قیام اور نمائش کے انعقاد سے اسلامی تہذیب و ثقافت کو بڑھاوا مِلے گا اور زائرین و عازمین حج کے ایمان مزید پختہ ہوں گے۔یہ مجوزہ عجائب گھر اور سیزنل نمائش سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030ءکے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔