Live Updates

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم مئی سے 10 روپے فی لیٹر تک کے اضافے کا خدشہ

حکومت کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل عوام پر مہنگائی کا نیا پہاڑ توڑنے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 اپریل 2019 13:27

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم مئی سے 10 روپے فی لیٹر تک کے اضافے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2019ء) : حکومت کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام پر ایک اور پہاڑ توڑے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک کے اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ذرائع نے بتایا کہ یکم مئی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری پر ورکنگ مکمل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

قیمتوں کی حتمی سمری 29 اپریل کو وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے امکان کی یہ خبر عوام پر پہاڑ بن کر ٹوٹی، عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے اور اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں کمی کرنے کی بجائے اُلٹا عوام پر ہی مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے جو ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اکتیس مارچ کو وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بم گرایا تھا جس کے تحت پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل کی قیمت میں 3، 3 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات