قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب نہ آنے پر اراکین کا احتجاج

جمعرات 25 اپریل 2019 13:57

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب نہ آنے پر اراکین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب نہ آنے پر اراکین نے احتجاج کیا جبکہ سپیکر نے کہا ہے کہ جو بھی وزارت سوالوں کے جوابات نہیں دے گی اس کے خلاف رولز کے مطابق کارروائی ہوگی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رانا ثناء اللہ اور دیگر نے یہ معاملہ اٹھایا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ایوان میں ٹارگٹ کیا جارہا ہے، یہ بات میڈیا اور دیگر جگہوں پر ہورہی ہے۔ سپیکر نے آٹھ ماہ غیر جانبداری سے ایوان کو چلایا ہے۔ شیخ روحیل اصغر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ وقفہ سوالات پر کئی سوالوں کے جوابات نہیں آئے۔ سیکرٹریٹ اسے مذاق بنانے کے بجائے ایسے سوالات شامل کریں جن کے جواب آئے ہوں، جن محکموں کے جوابات نہیں آئے ان کے افسران کو بلا کر سرزنش کریں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ عمر ایوب باہر گئے ہیں، انہوں نے استدعا کی تھی کہ ان سے متعلقہ سوالات موخر کردیں، جو بھی وزارت سوالوں کے جوابات نہیں دے گی میں اس کے خلاف رولز کے مطابق کارروائی کروں گا۔ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ وہ روحیل اصغر سے اتفاق کرتے ہیں، محکموں سے جوابات صحیح نہ آنے پر دوبارہ ان سے کہا جاتا ہے، اگر جواب نہ آئے تو اس محکمہ کے سربراہ کو بلایا جاتا ہے۔ وزارت قانون سے متعلقہ سوالات کیلئے ایک موقع اور دیا جائے۔