سکھر ملتان موٹروے اگست تک مکمل ہو جائے گی‘ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

جمعرات 25 اپریل 2019 13:57

سکھر ملتان موٹروے اگست تک مکمل ہو جائے گی‘ وفاقی وزیر مواصلات مراد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سکھر ملتان موٹروے اگست تک مکمل ہو جائے گی‘ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جس پراجیکٹ کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوں گے اتنے ہی بجٹ میں مختص کئے جائیں گے‘ ٹوکن بجٹ رکھنے سے اجتناب کیا جائے گا‘ ماضی میں یہ سلسلہ چلتا رہا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمیم آراء کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سکھر ملتان ایم فائیو کا ایک حصہ مکمل کیا جارہا ہے۔

سکھر حیدرآباد ایم سکس 300 کلومیٹر موٹروے کا مفصل ڈیزائن اور کمرشل فزیبلٹی تیار کر رکھی ہے۔ اسے بی او ٹی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ سکھر ملتان موٹروے اگست تک مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیہون کی سڑک جسے خونی قرار دیا جاتا ہے اس پر کام کا آغاز تیز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ بجٹ میں اس سڑک کو درکار تمام فنڈز رکھیں گے اس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

سندھ نے اس کے لئے اپنا حصہ وفاق کو دے دیا تھا تاہم وفاق نے اس کو بدقسمتی سے مکمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پالیسی بنائی ہے کہ جس منصوبے کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوں گے اتنا ہی مختص کیا جائے گا۔ ٹوکن منی رکھنے کا سلسلہ نہیں ہوگا۔ کراچی سے کوئٹہ شاہراہ پر کام شروع کردیا ہے۔ ہسپتال‘ مارکیٹ اور سیاحت کی رسائی دیکھ کر مواصلات کے منصوبے رکھیں گے تو حلقہ کے لوگ بھی خوش ہوں گے اور اراکین بھی۔