وزیراعظم نے سرکاری اداروں کی خط و کتابت اور دیگر مواد کی ترسیل کیلئے پوسٹل سروسز کی خدمات لینے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے‘ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز

جمعرات 25 اپریل 2019 13:57

وزیراعظم نے سرکاری اداروں کی خط و کتابت اور دیگر مواد کی ترسیل کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سرکاری اداروں کی خط و کتابت اور دیگر مواد کی ترسیل کیلئے پوسٹل سروسز کی خدمات لینے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے‘ فرنچائز پوسٹ آفسز کی تعداد 15 ہزار تک لے جائیں گے‘ پوسٹل سروسز کا خسارہ 52 ارب سے تجاوز کر گیا ہے تاہم اسے جلد خسارے سے نکال لیں گے‘ پوسٹل سروسز میں ہونے والی بھرتیوں میں میرٹ کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پرنس محمد نواز الائی کے سوال کے جواب میں وزیر برائے پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ پوسٹل سروسز کا خسارہ 52 ارب سے بڑھ گیا، میرٹ کے خلاف بھرتیاں کی گئیں، ہم خسارے سے نکل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ای کامرس‘ ارجنٹ میل سروس کا آغاز کردیا، لائیو ٹریکنگ ڈے ڈیلیوری شروع کی، ہم نے ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو بہتر اور آسان روزگار دینے سے لوکل مارکیٹ بہتر ہوگی۔

پوسٹل سروسز نے کسی نوجوان کی ہنرمندی پر اسے روزگار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرنچائز پوسٹ آفس 15 ہزار تک لے جائیں گے، اس وقت ڈیڑھ سو ہیں، نادرا سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ملے گی، سرکاری ادارے نجی کوریئر سروسز استعمال کرتے تھے، وزیراعظم نے منظوری دے دی ہے کہ سرکاری ادارے اب کوریئر کیلئے پوسٹل سروسز کو استعمال کریں گے، ہم نے یو ایم ایس شروع کردیا ہے، پارسل پر ایک سٹیکر سے آپ اپنے پارسل کی مانیٹرنگ کریں گے، یہ ایک انقلاب ہے اس سے پاکستان بدلے گا۔