ہرگز یہ بیان نہیں دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی واپس نہیں آنا چاہتیں

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات اپریل 13:59

ہرگز یہ بیان نہیں دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی واپس نہیں آنا چاہتیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2019ء) : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق خود سے منسوب بیان کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ میں نے ہرگز یہ بیان نہیں دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان واپس نہیں آنا چاہتیں۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان واپسی کے معاملے کو واشنگٹن کے ساتھ اُٹھایا جارہا ہے۔انہوں نے ایران میں دئے گئے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر کہا کہ وزیراعظم کا بیان بھی سیاق وسباق سےہٹ کرپیش کیا گیا۔ وزیراعظم نےغیرریاستی عناصرکی بات کی تھی ، کلبھوشن بھی ایران سےملحقہ پاکستانی سرزمین سے گرفتار ہوا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کا ایران کا دو روزہ دورہ کامیاب رہا۔ وزیراعظم کے دورہ ایران کا مقصد ہمسایوں سےاچھے تعلقات کی پالیسی ہے، دورے میں تجارت، زائرین سے متعلق بات چیت کی گئی، دونوں سربراہان نےمقبوضہ کشمیرکےمسئلےکے حل کی بات کی۔ وزیاعظم کے دورہ ایران میں سرحدی سلامتی پر گفتگوہوئی۔ جبکہ زائرین کےامور سمیت تجارت و دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ پراتفاق ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سری لنکا دھماکوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کو جو مدد پاکستان سے درکار ہوگی، ہم فراہم کریں گے۔ ہم سری لنکا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ انتہائی اہم اور دلچسپ ہو گا۔ وزیراعظم چین کی قیادت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان نہیں آنا چاہتیں ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ اور ڈاکٹرشکیل آفریدی کے حوالے سے بات ہو سکتی ہے۔ تاہم اب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے خود سے منسوب اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تھا۔