معذور افراد کی ملازمتوں سے متعلق کیس، سپریم کورٹ نے خلاف ضابطہ بھرتیوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیدیا

عدالت عظمیٰ کا ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا معذور کوٹہ پر میرٹ کیخلاف بھرتیاں سنگین جرم ہے،تاثر مل رہا ہے کہ بھرتیاں شفاف نہیں ہوئیں، کیوں نہ کیس نیب کو بھجوا دیا جائے،جسٹس عظمت سعید شیخ

جمعرات اپریل 14:41

معذور افراد کی ملازمتوں سے متعلق کیس، سپریم کورٹ نے خلاف ضابطہ بھرتیوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے معذور افراد کی ملازمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان خلاف ضابطہ بھرتیوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔جمعرات کو کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔

درخواست گزار نے کہاکہ من پسند افراد کو نوازنے کیلئے معذوروں کے کوٹے پر بھرتی کیا جاتا ہے۔ درخواست گزار نے کہاکہ اونچا سننے والے کو بھی معذور قرار دیکر بھرتی کیا جاتا ہے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھی معذور کوٹہ پر بھرتیاں ہوئیں۔جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ ایک شخص کو ٹانگ کمزور ہونے پر معذور کہ کر بھرتی کیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ ایک شخص کی نظر منفی دو تھی اسے بھی معذور کوٹہ پر بھرتی کیا گیا۔ درخواست گزار نے کہاکہ کے پی کے میں کئی افراد کو معذور کوٹہ پر بھرتی کیا گیا،حق دار شکایت کریں تو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ لگتا ہے سارا کام ہی جعلی ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ معذور کوٹہ پر میرٹ کیخلاف بھرتیاں سنگین جرم ہے۔

جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ تاثر مل رہا ہے کہ بھرتیاں شفاف نہیں ہوئیں، کیوں نہ کیس نیب کو بھجوا دیا جائے۔ سرکاری وکلاء نے بھرتیوں کیخلاف فوجداری کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ قواعد کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی جائے تو دادرسی کرینگے۔ درخواست گزار نے کہاکہ کسی کی بھرتی چیلنج کریں تو دھمکیاں ملتی ہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ چاول کے ایک دانے سے دیگ کا علم ہوجاتا ہے، سرکاری افسران کو قانون کا کوئی خوف نہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ حکومت سمجھتی ہے معذوروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔عدالت نے معذور افراد کو خلاف قانون بھرتیوں کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی۔