انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف حمزہ شہباز سمیت 149درخواست گزاروں کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں

ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان لینڈ ریونیو کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز قانونی قرار دے دیئے

جمعرات 25 اپریل 2019 14:48

انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف حمزہ شہباز سمیت 149درخواست گزاروں کی درخواستیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سمیت 149درخواست گزاروں کی درخاستیں مسترد کرتے ہوئے ان لینڈ ریونیو کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز قانونی قرار دے دیئے ۔ جسٹس عاصم حفیظ نے درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت 149 درخواست گزاروں کی درخواستیں مسترد کر دیں اوران لینڈ ریونیو کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز قانونی قرار دے دیئے ۔

حمزہ شہباز سمیت 149 درخواست گزاروں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس چیلنج کیا تھا ۔حمزہ شہباز کی درخواست میں وفاقی وزارت قانون ،وزارت مذہبی امور اور ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکو بھی ادا کرتا ہے، درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، لاہور :ٹیکس ،عوامی مقاصد کیلئے حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی رقم ہے، انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013 آرٹیکل 73 کے سیکشن 2 اے سے متصادم ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔واضح رہے کہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے حمزہ شہباز کو 12 لاکھ روپے ٹیکس جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔