پارک سرسبز و شاداب ماحول کے قیام میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں :جان محمد بلوچ

جمعرات 25 اپریل 2019 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ پر فضا ماحول کی فراہمی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پارکس کا قیام نا گزیر ہے، عروس البلاد کہلانے والا شہر کراچی بالخصوص ملیر باغات ، سبزہ زاراور کھیل کے میدانوں کی وجہ سے اپنی منفرد شناخت رکھتا تھا ، لیکن گزشتہ بلدیاتی ادوار میں باغات کی دیکھ بھال پر خاص توجہ نہیں دی گئی ، جس کی وجہ سے عوام پارک ، باغات کی افادیت سے محروم ہوگئے، عوام کو ہر وہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ان کا حق ہے،پارک پر فضاء ، صحت مندانہ ، آلودگی سے پاک اورسرسبز و شاداب ماحول کے قیام میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ، پارک صحت مندانہ تفریح کا ایک بہتر اور موثر ذریعہ ہوتے ہیں اور پارک ماحولیاتی خوبصورتی کے اضافے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 4 وکٹوریہ فیملی پارک مجید کالونی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا ۔اس موقع پریوسی چیئرمین فیروز خان ، وائس چیئرمین عبدالرحمان خان،معراج محمد خان، چوہدری اکرم ، لالہ وحید الزمان ، فیصل بخاری، یوسیز کونسلرز علی رحمان، سعید خان، اکبر ، ارشاد، عبیدالرحمان، ڈائریکٹر پارک نسیم اختر، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارک کی تزین و آرائش کا خاص خیال رکھا جائے ، بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل برئوے کار لائیں جائیں ، پارک کی تعمیرات میں بچوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے جھولے، بینچ اور لائٹس کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔