وزیر اوقاف راجہ عبد القیوم خا ن نے 7اپریل کو المناک ٹریفک حادثے میںجاں بحق ہونے والے سات افرادکے لواحقین میںچیک تقسیم کئے

جمعرات 25 اپریل 2019 17:06

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر اوقاف راجہ عبد القیوم خا ن نے 7اپریل کو المناک ٹریفک حادثے میںجاں بحق ہونے والے سات افرادکے لواحقین میںچیک تقسیم کئے، پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور فاتحہ خوانی کی گئی،اس موقع پر وزیر اوقاف راجہ عبد القیوم خا ن نے کہا کہ ہم متأثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں حادثے میںجاں بحق ہونے والے افراد کے نقصان کا ازالہ نا ممکن ہے،نیلم ویلی کا یہ ٹریفک حادثہ انتہائی المناک ہے ،تاہم موت کا وقت معین ہے اور ہرذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے،انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مرحوم راجہ وقارعلی کے معذور بچوں کی عیادت کی اور حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اوقاف راجہ عبد القیوم خان مورخہ 07اپریل 2019کو یونین کونسل پنجگراں نیلم ویلی روڈ پٹہکہ کے قریب رتڑہ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثے میں جاںبحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے ان کے آبائی گاؤںاپر نیلم پہنچے جہاں انہوں نے لواحقین میںڈیڑھ لاکھ فی کس کے حساب سے چیک تقسیم کئے اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے سات افراد میں سے مرحوم راجہ وقارعلی کے معذور بچوں کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان معذور اور یتیم بچوں کی ہر ممکن مالی مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن بورڈ آف ریوینیو/کمشنر بندو بست سردار سہیل اعظم، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرنیلم محمد حنیف ،مہتمم بندوبست چوہدری طالب حسین، چئرمین حیدر خان میموریل راجہ محمد ممتاز خان، تحصیلدار بندوبست راجہ محمداسلم و دیگرموجود تھے۔