امریکی سفارتخانے میں فائرنگ رینج نہیں بنایا جا رہا، ترجمان نے افواہوں کی تردید کر دی

جمعرات 25 اپریل 2019 17:21

امریکی سفارتخانے میں فائرنگ رینج نہیں بنایا جا رہا، ترجمان نے افواہوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2019ء) متعدد ذرائع ابلا غ کے اداروں کی جانب سے یہ غلط خبر نشر کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ اپنے سفارت خانے کی حُدود میں ایک فائرنگ رینج تعمیر کر رہا ہے۔ یہ خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکی سفارتخانہ نے حکومت پاکستان کی متعدد درخواستوں کے جواب میں، وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ پاکستانی سرکاری اداروں کی منظوری کے بعد، اسلام آباد پولیس کی پہلے سے موجود فائرنگ رینج کی بحالی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

فائرنگ رینج کے ترقیاتی کام کا مقصد اس کو محفوظ بنانا تھا تا کہ اس کو استعمال کرنے والے پاکستانی پولیس اہلکاروں، آس پاس رہائش پذیر اور کام کرنے والے پاکستانی شہریوں اور غیر ملکی سفارتکاروں کو خطرات لاحق نہ ہوں۔

(جاری ہے)

مذکورہ فائرنگ رینج امریکی سفارتخانہ کے اندرنہیں ہے، بلکہ یہڈپلومیٹک انکلیوکے اندر قائم پاکستانی پولیس کاایک مرکز ہے۔

حکومت پاکستان نے ترقیاتی کام کی درخواست دی اور جانچ پڑتال کے بعد جولائی ۲۰۱۸ ء میں منصوبے کی منظوری دی ۔امریکی سفارتخانہ نے اپنی ویب سائیٹ پر اظہار دلچسپی کا نوٹس مقامی پاکستانی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیےشائع کیاہے تاکہ وہ اس منصوبے میں شرکت کی پیشکش کریں۔ مذکورہ معاملہ یا پاکستان میں امریکی مشن سے متعلق دیگر امور کے متعلق سوالات کے سلسلہ میں سفارتخانہ کے ترجمان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔