Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتساب کا وعدہ کیا ہے، اب کوئی بچنے والا نہیں

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی پارلیمنٹ کے باہر گفتگو

جمعرات 25 اپریل 2019 18:18

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتساب کا وعدہ کیا ہے، اب کوئی بچنے والا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتساب کا وعدہ کیا ہے، اب کوئی بچنے والا نہیں۔ نواز شریف کو ملک سے باہر جانے کی بیماری ہے۔ بلاول بھٹو ایک سال کی عمر میں کمپنی کے ڈائریکٹر کیسے بنے تھے۔ عمران خان نے غریب لوگوں کے لئے صحت و انصاف کارڈ کا اجراء کیا، 50 لاکھ گھروں کے وعدے پر کام کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر وفاقی وزیر علی محمد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے آج معیشت کے حوالے سے بات کی، آج پاکستان جہاں کھڑا ہے ، صرف انہی لوگوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعہ قوم کے پیسوں کو باہر لے جا کر اپنے محلات بنائے، جائیدادیں بنائیں، ان قرضوں کو عوام پر خرچ نہیں کیا گیا بلکہ اپنے مفادات کے لئے خرچ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لوگوں سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین لیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ بڑے شہروں میں بے سہارا لوگوں کے لئے شیلٹر ہوم بنائے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم نے غریب لوگوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا۔ وزیراعظم نے پچاس لاکھ گھروں کے حوالے سے اسلام آباد میں باقاعدہ منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کوئٹہ شہر سمیت دیگر شہروں میں منصوبے پر بھی جلد کام شروع ہوگا۔

مراد سعید نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے قومی ادارو کا بیڑا غرق کر دیا۔ پی آئی اے اور اسٹیل مل سمیت قومی ادارے تباہ حال تھے جن کو اب اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے اور وہاں اسکول غیر فعال ہیں اور تھر میں غذا اور پانی کی قلت کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں، صاف پانی کا مسئلہ بھی وہاں زیادہ ہے۔

سندھ میں صحت کے مراکز کا برا حال ہے، معصوم بچے کو غلط انجیکشن لگا کر مار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ پیکیج کے منصوبہ کے فنڈز جعلی طریقے سے نامعلوم اکائونٹس میں منتقل ہوئے۔ ان کو کراچی پیکیج کا غصہ ہے۔ وزیراعظم نے حیدر آباد میں یونیورسٹی کا اعلان کیا ہے۔ بھٹو ہائوس کا ایک غریب ملازم گرفتار ہوا جس سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنے لئے وکیل کیوں نہیں کرتے تو جواب دیا کہ میں غریب آدمی ہوں، مجھے اس اکائونٹ کا پتہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں احتساب کا آغاز ہو چکا ہے جن لوگوں نے قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا ہے اب وہ بچنے والے نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا، اب یہ کہتے ہیں کہ اس عمل سے پاکستان متاثر ہوگا۔ پاکستان تا حیات آباد رہے گا۔ اس کی تعمیر میں شہداء کا خون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور، رینٹل پاور منصوبوں کو سب جانتے ہیں کہ یہ رقم کہاں گئی۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے دورہ پر جا رہے ہیں جہاں وہ غربت کے خاتمہ کے پروگرام کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط کریں گے جبکہ صحت اور تعلیم کے منصوبوں کو سی پیک منصوبوں میں شامل کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کوئی بیماری لاحق نہیں، جب سے وہ جیل سے باہر آئے ہیں، انہوں نے باقاعدہ کسی ہسپتال سے علاج نہیں کروایا۔

انہیں صرف اور صرف لندن جانے کی بیماری ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے 35 سالوں میں صوبہ میں ایسے ہسپتال نہیں بنائے جس سے وہ اپنا علاج کروا سکیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ میڈیا کے تعاون سے عمران خان کا پیغام عام آدمی تک پہنچا جس کے نتیجہ میں عوام نے تحریک انصاف کو انتخابات میں ووٹ دے کر کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات