بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی شریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام 60 واں اسلامی قانونی کورس اختتام پذیر ہو گیا

جمعرات 25 اپریل 2019 18:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی شریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام 60 واں اسلامی قانونی کورس جمعرات کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پذیر ہو گیا۔4 ماہ دورانیے پر مشتمل اس کورس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش تھے جنہوں نے معاشرے میں قانونی برادری کے کردار اور انصاف کی فوری فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کورس کے ذریعے شرکاء کو پاکستانی قانونی نظام اور دیگر مسلم ممالک کے قانونی نظاموں کا تقابلی جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا اور اس کورس سے مستفید ہونے والے ججز و قانونی عہدیدران حاصل کردہ نئے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی معاشرے میں امن کی ترویج اور قانون کی بالا دستی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے اقدامات سمیت اہم شعبہ جات سے متعلقہ عہدیداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش نے تکمیل کورس پر اکیڈمی کے منتظمین کو بھی مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شریعہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق نے کورس کی تفصیلات کی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس 16 ہفتے پر محیط کورس کے دو ہفتوں کا حصہ اردن، ترکی اور سعودی عرب کے دوروں پر مشتمل تھا، جہاں شرکاء نے ان ممالک میں تعینات پاکستان کے سفراء، وہاں کے مذہبی امور کے وزراء، شریعت کورٹس کے اعلیٰ عہدیدران اور عدالتی اکیڈمیوں کے عملے سے ملاقاتیں کیں اور تجربات کا تبادلہ کیا۔ اختتامی تقریب میں نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی، نائب صدر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاء اور دیگر متعلقہ عہدیدران نے بھی شرکت کی۔