Live Updates

وزیراعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بیجنگ میں دوسرے ’’بیلٹ اینڈ روڈ فورم‘‘ میں شرکت کے لئے چین روانہ ہو گئے‘

وزیراعظم عمران خان 25 سے 28 اپریل تک دورہ چین کے دوران (کل) فورم کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کریں گے‘ دفتر خارجہ

جمعرات 25 اپریل 2019 18:27

وزیراعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بیجنگ میں دوسرے ’’بیلٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بیجنگ میں دوسرے ’’بیلٹ اینڈ روڈ فورم‘‘ میں شرکت کے لئے جمعرات کو چین روانہ ہو گئے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان 25 سے 28 اپریل تک دورہ چین کے دوران (کل) 26 اپریل کو فورم کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کریں گے۔

وہ لیڈرز رائونڈ ٹیبل میں بھی شریک ہوں گے جس میں تقریباً 38 ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اس موقع پر کئی سربراہان مملکت و حکومت اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چی کیانگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان اور چین مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے لئے کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم 28 اپریل کو پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے جس میں ممتاز پاکستانی اور چینی کاروباری شخصیات شریک ہوں گی۔ فورم کے بعد وزیراعظم چینی صدر اور دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹیکلچر ایگزی بیشن 2019ء میں شریک ہوں گے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور چین سدا بہار سٹریٹجک معاون شراکت دار ہیں جن کی دوستی باہمی اعتماد اور مفادات میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی قیادت باہمی طور پر مفید معاشی اور تجارتی روابط کے ذریعے اس دوستی کو مزید تقویت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم کا دورہ پاک چین دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں سے روشناس کرنے میں معاون ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات