میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو اور ہماری طاقت ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہمارا فریضہ ہے کہ قومی تشخص کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، معاون خصوصی کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 20:12

میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو اور ہماری طاقت ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو اور ہماری طاقت ہے،ہمارا فریضہ ہے کہ قومی تشخص کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ جمعرات کو معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری اور صوبائی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے خصوصی شرکت کی ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا آفیرز یوسف بیگ مرزا ،وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور وزارت کے دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلا س کے دوران وفاق اور صوبوں کے شعبہ اطلاعات کے مابین اطلاعات کے بروقت تبادلے اور فراہمی کے حوالے سے بہتر کوارڈینیشن قائم کرنے کے لیے مختلف اقدامات اور تجاویز پر غور کیا گیا ۔میڈیا صنعت کی ترقی، فروغ اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو اور ہماری طاقت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ہمہ جہت ثقافت کے فروغ اور ملکی تشخص کو اجاگر کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہمارا قومی تشخص اور ثقافتی ورثہ قابل فخر اور نمایاں عظمت کا حامل ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا فریضہ ہے کہ قومی تشخص کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔