بھاری تنخواہیں لینے والوں کو اب بھاری بھرکم کام کرکے دکھانا ہوگا ‘ عثمان بزدار

فلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، فلاح عامہ کے منصوبوں کا خود جائزہ لینے کا اعلان ہر علاقے کو ترقیاتی پروگرام میں حصہ ملنا چاہیے، منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نا قابل برداشت ہے ‘وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی پروگرام کا جائزہ

جمعرات 25 اپریل 2019 20:12

بھاری تنخواہیں لینے والوں کو اب بھاری بھرکم کام کرکے دکھانا ہوگا ‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں ہونے والے فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبودکے منصوبے بروقت مکمل نہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا- وزیر اعلی نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں-وزیر اعلی نے فلاح عامہ کے منصوبوں کا خود جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا ذاتی طور پرجائزہ لینے کے لئے دورے کروں گا-انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کو ترقیاتی پروگرام میں حصہ ملنا چاہیے اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نا قابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقوں میں چھوٹے کاشتکاروںکودیئے گئے قرضوں کی فہرست طلب کرلی۔شجر کاری مہم کے تحت کم تعداد میں پودے لگانے پر وزیر اعلی نے محکمہ جنگلات کی سرزنش کی اورسکولوں میں سولر پینلز لگانے کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ سکولوں میں سولر پینلز لگانے کے کام میں سست روی پرتاخیر کا کون ذمہ دار ہے کیا انرجی ڈیپارٹمنٹ کی یہ کارکردگی ہے -انہوں نے کہا کہ بھاری تنخواہیں لینے والوں کو اب بھاری بھرکم کام کرکے دکھانا ہوگا۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اوردیگر علاقوںمیں سڑکوں،سرکاری عمارتوں،ہسپتالوں اورسکولوں کی تعمیر کے منصوبوںکا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پرعدم اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ خانہ پری کافی نہیں،اب کام کر نا ہو گا اور نتائج دینا ہوں گے اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا خود فیلڈ میںجاکر جائزہ لوں گا۔

مظفرگڑھ ڈیرہ غازی خان روڈ کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گی- وزیراعلی نے قبائلی علاقہ جات کی سیٹلمنٹ کیلئے ضروری کارروائی ایک ہفتے میں شروع کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی -اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،آئی جی پولیس پنجاب ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے انتظامی افسران ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-

متعلقہ عنوان :