لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر دی

جمعرات 25 اپریل 2019 20:20

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر ..
لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے ناجائز اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر دی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے سماعت کی، حمزہ شہبازکے وکیل نے کہاکہ نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتا ہے مگروجوہات بیان نہیں کی جارہی ہیں، جبکہ نیب کی جانب سے دستاویزات خفیہ رکھی جا رہی ہیں،منی لانڈرنگ قانون کے تحت تفتیش کرنا فنانشنل ایجنسی کا کام ہے،نیب اس حوالے سے تحقیقات تو کرسکتا ہے لیکن گرفتار کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں، نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ حمزہ شہباز سے بیرون ممالک سے آنے والی رقوم اور آف شور کمپنیوں کے متعلق تفتیش کرنی ہے، حمزہ شہباز کیخلاف 2008 میں رقوم کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کیلئے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے نیب کو خط لکھا جس پر نیب نے انکوائری شروع کی، حمزہ شہباز سے انہی ٹرانزیکشنز کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنا ہے لیکن حمزہ شہباز پیش نہیں ہورہے، بعض معلومات حساس ہیں، جنہیں منظرعام پر نہیں لایاجاسکتا، وقت آنے پران دستاویزات کو بطور ثبوت پیش کیا جاسکتا ہے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کردی، عدالت نے خفیہ رکھی گئی دستاویزات کومنظرعام پرلانے کے لئے آئندہ سماعت پرنیب پراسیکیوٹر کوہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدائت کر دی۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ متعلقہ اتھارٹی سے ہدایات لے کر حمزہ شہباز کو دستاویزات کی فراہمی بارے آگاہ کریں۔