مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوان شہید ،ہزاروں افراد کی نماز جنازہ میں شرکت

آزادی کے متوالوں کو جھوٹے مقدمات ،بے بنیاد الزامات سے خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا ہے ،اوچھے ہتھکنڈے ماضی میں بھی ہمیشہ ناکام ثابت ہو ئے ،مستقبل میں بھی ناکام ہونگے،محمد یاسین ملک

جمعرات 25 اپریل 2019 20:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعرات کو ضلع اسلا م آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میںایک فزیوتھراپی کے سکالر برہان الدین گنائی سمیت دو کشمیری نوجوانوںکو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے برہان الدین گنائی اور ایک اور نوجوان صفدر امین کو بیج بہاڑہ کے محلے باگندر میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

ادھرخواتین اور بچوں سمیت ہزاروںافراد نے پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے جمعرات کو ضلع اسلام آبا دکے علاقوں ایس کے کالونی اور بیج بہاڑہ میں شہید برہان الدین او ر صفدر امین کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے شہداء کی نماز جنازہ متعدد بار ادا کی گئی جس کے بعد شہداء کو آزادی اورپاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروںکی گونج میں سپرد خاک کیاگیا ۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کے قتل کے خلاف ضلع میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ۔ اسلام آباد قصبے میں مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق آج سرینگر کے علاقے مائسمہ میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر گئے اور انکے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

لبریشن فرنٹ کے ترجمان کے مطابق محمد یاسین ملک نے جیل سے جاری ایک پیغام میں کہاہے کہ آزادی کے متوالوں کو جھوٹے مقدمات اور بے بنیاد الزامات سے خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈے ماضی میں بھی ہمیشہ ناکام ثابت ہو ئے ہیں اور مستقبل میں بھی ناکام ہوں گے ۔بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء شبیر احمد شاہ کی 19سالہ بیٹی سماء شبیر سے پوچھ گچھ کیلئے دوسری مرتبہ سمن جاری کیا ہے ۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے یہ جانتے ہوئے کہ سماء برطانیہ میں زیر تعلیم ہے 2005سے متعلق ایک جھوٹے مقدمے میں جب وہ صرف پانچ برس کی تھی نوٹس جاری کیا ہے ۔ جموںوکشمیر سٹوڈنٹس یونین نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارت کے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

یونین نے طلباء کو شوپیاں اور پلوامہ پولیس اسٹیشنوں کی طرف سے طلب کئے جانے کو افسوسناک قراردیا ہے۔دختران ملت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میںغیر قانونی طورپر نظربند پارٹی رہنماء فہمیدہ صوفی کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے مظفر آباد میں ایک کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مسلم مخالف پالیسیوں سے عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ کانفرنس کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر مسلم لیگ نے کیاتھا۔