سری لنکا بم دھماکے، پاکستانیوں سمیت مصری باشندہ تفتیش کیلئے گرفتار

بم دھماکوں میں گرفتارافراد کی معاونت یا ملوث ہونے کے بارے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا،لنکن پولیس

جمعرات 25 اپریل 2019 20:32

سری لنکا بم دھماکے، پاکستانیوں سمیت مصری باشندہ تفتیش کیلئے گرفتار
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) سری لنکن حکام نے ایسرٹ کے موقعے پر سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے پاکستانیوں سمیت مصری باشندے کو حراست میں لیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات کریک ڈاؤن میں 16افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم بم دھماکوں میں ان کی معاونت یا ملوث ہونے کے بارے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات گرفتار کیے گئے افراد میں سے ایک کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے ہے لیکن دعویٰ کے حق میں مزید معلومات فراہم نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایک اور شخص کو فیس بک پر نفرت آمیز مواد ڈالنے کی بنیاد پر گرفتار کیا۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ زیر حراست شخص سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے پھیلاؤ اور اس کی تبلیغ میں ملوث پایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک مصری شخص کو زائد المیعاد ویزا اور پاسپورٹ کی وجہ سے گرفتار کیا جو گزشتہ 7 سے مقامی اسکول میں عربی کی تعلیم دے رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اسکول دارالحکومت سے محض 70 کلومیٹر کی مسافت پر قائم ہے۔علاوہ ازیں پولیس نے مزید بتایا متعدد پاکستانیوں سمیت درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا جو زائد المعیاد ویزہ کے باوجود رہائش پذیر تھے۔