امیر قطر کی بدنام زمانہ دہشت گرد افریقی شخصیت کے ساتھ مصافحے کی تصویروائرل

تمیم بن حمد انتہائی مطلوب شخصیت المصطفی ولد الامام الشافعی سے مصافحہ کرتے نظر آ رہے ہیں،عرب ٹی وی

جمعرات 25 اپریل 2019 20:34

امیر قطر کی بدنام زمانہ دہشت گرد افریقی شخصیت کے ساتھ مصافحے کی تصویروائرل
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کی ایک تصویر گردش میں آئی ہے جس میں وہ روانڈا کے دورے کے دوران موریتانیہ میں دہشت گردی کے حوالے سے ایک انتہائی مطلوب شخصیت المصطفیٰ ولد الامام الشافعی سے مصافحہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ الشافعی افریقا میں ساحل و صحرا کے علاقے میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کے حوالے سے طویل تاریخ رکھتا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق تصویر میں الشافعی اٴْس وفد میں شامل نظر آ رہا ہے جس رواں ہفتے کے اوائل میں روانڈا کے دورے کے موقع پر ہوائی اڈے پر تمیم کا استقبال کیا تھا۔ الشافعی کا روانڈا کے صدر کے ساتھ گہرا اور مضبوط تعلق ہے۔موریتانیہ میں الشافعی کو دہشت گردی کے لیے فنڈنگ فراہم کرنے، ساحل و صحرا کے علاقے میں دہشت گرد جماعتوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے اور سال 2011 سے ملک میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے اور ملک کے اندرونی امن و استحکام کے لیے خطرہ بننے جیسے الزامات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

موریتانیہ کے حکام الشافعی کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ جاری کر چکے ہیں اور انہوں نے انٹرپول سے اس کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ۔ موریتانیہ کے موجودہ صدر محمد ولد عبدالعزیز نے الشافعی کو "منشیات فروش، براعظموں کا تخریب کار اور افریقا میں آگ لگانے والی مشعل قرار دیا ہے۔الشافعی مالی کے شمال میں سرگرم دہشت گرد اور شدت پسند تنظیموں بالخصوص القاعدہ تنظیم کے ساتھ بھی مضبوط تعلقات کے سبب جانا جاتا ہے۔