Live Updates

۔پشاور،حکمران بھڑکیں مارنے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے،سکندر حیات شیرپائو

جمعرات 25 اپریل 2019 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) سابق سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی صوبائی رہنماء سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ حکمران بھڑکیں مارنے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے چمکنی ضلع پشاور میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنماء طارق احمد خان،کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور کے آرگنائزر حاجی ملنگ جان اورملک سلیم چمکنی کے علاوہ کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ غریب عوام کا خون چوسنے سے معیشت کی بحالی کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی محض دعوئوں تک محدود ہے جبکہ عملی طور پر عوام کی پریشانیوں کو دور کرنے کی بجائے ان پر مہنگائی،پٹرولیم،بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ اورمختلف ٹیکسوں کی مدمیں مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت 18ویں ترمیم رول بیک کرنے اورملک میں صدارتی نظام متعارف کرانے کی کسی بھی کوشش کی شدید مخالفت کرے گی۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی قائدین کے خلاف غیر اخلاقی اورمضحکہ خیزلہجہ ملک کی سیاست پر بدنما داغ کے مترادف ہے اور اس سے پی ٹی آئی کی گالم گلوچ کی سیاست آشکارہ ہو چکی ہے۔ سکندر شیرپائو نے موبائیل کارڈز پر ٹیکس کی بحالی کو زیادتی قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے عوام کا سکھ چین چھین لیا ہے اور وہ پی ٹی آئی سے متنفر ہو چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعوے کرنے والی پی ٹی آئی کی قیادت اب نوجوانوں کو ملازمت کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کے مشورے دے رہی ہے جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ انتخابات کے دوران نوجوانوں کوروزگار کے نام پر دھوکہ دے کر اقتدار تک رسائی کیلئے ان سے ووٹ بٹورے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ مہینوں میں حکمرانوں نے ریکارڈ قرضے لے کر ملک و قوم کو قرضوں اور مہنگائی کے تلے ڈوبا دیا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران تمام محاذوں اور عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو ایفا کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور وفاقی و صوبائی وزرا عوام کی بہبود کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے اپنی اپنی وزارتوں کو بچانے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات