کشمیری شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیںگے

عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، کشمیرکانفرنس سے حریت رہنمائوں کا خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 23:22

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) مظفرآباد میں منعقدہ کشمیر کانفرنس کے مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجود اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری و ساری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلم دشمنی اور تعصب عالمی ضمیر کیلئے ایک کھلا چیلنج ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظفرا ٓباد کے مقامی ہوٹل میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد جموں وکشمیر مسلم لیگ نے پارٹی کے 30ویں یوم تاسیس پر کیا تھا ۔ کانفرنس کی صدارت حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض حریت رہنما اشتیاق حمید نے انجام دیے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جسکے خلاف عالمی سطح پر موثر طریقے سے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسرت عالم بٹ اور حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی بھارتی خوف کا نتیجہ ہے۔ ۔ انہوںنے کہا کہ مسرت عالم بٹ اب تک37مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاچکا ہے اور بھارت کا یہ طرز عمل اسکی جمہوریت پر ایک بدنما دھبہ ہے ۔ انہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر جاری کیے جانے والے اعلامیے میں مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، انسانی حقوق کے عالمی اداروںپر زور دیا گیا کہ وہ جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند مزاحمتی رہنمائوں ، کارکنوں ، کشمیر طلباء اور عام نوجوانوں کی رہائی اور مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کی منسوخی کیلئے کردار ادا کریں۔

کانفرنس سے محمد فاروق رحمانی، غلام محمدصفی، اشتیاق حمید، سید یوسف نسیم،، شیخ عقیل الرحمان، قاضی محمود الحسن اشرف، دانیال شہاب مدنی، الطاف حسین وانی، خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ، عبدالحمید لون، گوہرکشمیری، حامد جمیل، عزیر احمد عزالی، مشتاق الاسلام، بشارت نوری، منظور احمد اور دیگر نے خطاب کیا۔