وزیراعلی بلوچستان جام کمال کی چمن میں خواتین پولیو ورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

جمعرات 25 اپریل 2019 23:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے چمن میں خواتین پولیو ورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے، انہوں نے دہشت گردی کے اس واقعہ میں ایک خاتون ورکر کے جاں بحق اور دوسری خاتون کے زخمی ہونے پر دکھ ا ور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلی نے پولیس اور انتظامیہ کو واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور پولیو ورکرز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلی نے فائرنگ کے واقعہ کو انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل قرادیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پر حملہ صوبے کی روایت اور اسلامی اقدار کے بھی منافی ہے اور حملے میں ملوث عناصر سخت ترین سزا کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی ہرسازش کو ناکام بناتے ہوئے ہم اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کو محفوظ بنائیں گے اور چمن سمیت صوبہ بھر میں پولیو مہم اپنے مقررکردہ شیڈول کے مطابق جاری رکھی جائے گی، وزیراعلی نے جاں بحق خاتون کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا ظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبروہمت سے برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے، وزیراعلی نے زخمی پولیو ورکر کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔