رمضان المبارک سے قبل صوابی میں بجلی سے متعلق مسائل حل کر لیے جائیں گے،، شہرام خان ترکئی

جمعرات 25 اپریل 2019 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل صوابی میں بجلی سے متعلق مسائل حل کر لیے جائیں گے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیسکو بہتر پلان تشکیل دے رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز پیسکو کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر امجد خان سے ملاقات کے بعد کیا۔

صوابی کے حلقہ این اے 19 میں گزشتہ کئی سالوں سے کم وولٹیج کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کیے ہوئے ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقے میں فیڈرز کم ہیں اور ٹرانسفارمرز پر لوڈ زیادہ ہے جو کہ لو وولٹیج کی بنیادی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

اس مسئلے کے تدارک کے لئے محکمہ برقیات کئی اہم اقدامات اٹھانے کی منصوبہ بندی کر چکا ہے جس میں رمضان المبارک سے قبل ٹرانسفارمرز کی اوور ہالنگ بھی شامل ہے۔

پیسکو چیف سے ملاقات میں یونین کونسلز ترکئی ، یار حسین، نارنجی ، شیوہ کے فیڈرز کے علاوہ بجلی لائن پر جاری کام کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی لائنوں کی ری کنڈکٹنگ کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر زیادہ لوڈ والے فیڈرز دوبیان فیڈر، ڈنڈوقہ، سوڈھیر اور چھوٹا لاہور کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا جس کے لئے خطیر رقم محکمہ برقیات کو ادا کر دی گئی ہے۔

پیسکو چیف نے ملاقات کے دوران صوبائی وزیرِ بلدیات کو یقین دلایا کہ رمضان المبارک میں عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے خاطر خوا ہ اقدامات کیے جارہے ہیں جس میں بجلی لائنوں کی ری کنڈکٹنگ اور ٹرانسفارمرز کی اوور ہالنگ شامل ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صوابی کے عوام بجلی کے بلوں کی مد میں خطیر زرمبادلہ حکومت کو دیتے ہیں تو انہیں اسی مناسبت سے ریلیف بھی ملنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے تمام کام جلد سے جلد مکمل کریں تاکہ صوابی کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔