اسلام آباد ہائی کورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کیس کی سماعت چارہفتوں کے لئے ملتوی کر دی

جمعرات 25 اپریل 2019 22:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کیس کی سماعت چارہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے میجر جنرل محمد سعد خٹک کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ عدالتی نوٹس کے باوجود جواب کیوں نہیں جمع کروایا گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نئے چئیرمن کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اس لیے یہ رٹ غیر موثر ہو چکی ہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ نوٹیفکیشن اس وقت جاری ہوا جب رٹ زیر سماعت تھی ۔عدالت نے حکم دیا کہ وفاق درخواست میں اٹھائے گئے نکات کا شق وار جواب جمع کرائے ۔عدالت فیصلہ کرے گی کہ رٹ کے زیر سماعت ہونے کے دوران نوٹیفکیشن جاری ہو سکتا ہے یا نہیں۔وفاق کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کی۔عدالت نے جواب جمع کرانے کے لئے 4 ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :