وکیل سول جج کے سر پہ کرسی مار کے فرار

وکلا گردی کے خلاف ججز نے احتجاج کا علان کر دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 25 اپریل 2019 22:39

وکیل سول جج کے سر پہ کرسی مار کے فرار
جڑانوالہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل2019ء) جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں ایک کیس پر بحث کے دوران معمولی تلخ کلامی پر وکیل نے جج کے سر پہ کرسی دے ماری۔ جج کو زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں ایک کیس پر بحث کے دوران معمولی تلخ کلامی پر وکیل عمران منج نے سول جج خالد محمود وڑائچ کے سر پہ کرسی مار دی جس سے وہ زخمی ہو گئے اور انہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منتقل کر دیاگیا جہاں پر انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

وکیل عمران منج جج پر حملہ کرنے کے بعد عدالے سے فرار ہو گیا تھا جس کے خلاف اب مقدمہ درج کروا دیا گیا اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ ججز نے اس واقعے کے خلاف احتجاج کا علان کر دیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وکلا گردی کا شکار ہو کر ایک ٹریفک وارڈن ہسپتال منتقل ہو گیا تھا، 8اپریل کو وکلا نے چلان کرنے پر ایک ٹریفک وارڈن کو شدیدپیٹا تھاجس کے بعد اسے زخمی حالت میں ہسپتال داخل کروایا گیا تھا۔