خاکروب کی نوکری بھی بیچنے والے زرداری نے کونسا کارنامہ سرانجام دیا کہ بھٹو کے وارث بن گئے، پیر صاحب پگارا

کسانوں سے گندم بیچنے کے حقوق بھی چھین لیئے گئے ہیں، اور لاڑکانہ کی سڑکیں دھول اڑاتی اور گاڑیوں کے لئے جہنم ہیں، ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 22:40

خاکروب کی نوکری بھی بیچنے والے زرداری نے کونسا کارنامہ سرانجام دیا ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے ورکرز کنونشن حروں کے روحانی پیشوا اور سربراہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کی صدارت میں ولید محلا میں منعقد ہوا۔ جس میں سید غوث علی شاھ، غلام مرتضیٰ جتوئی، سید صدرالدین شاھ راشدی، ڈاکٹر صفدر عباسی، حاجی منور علی عباسی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

کنوینشن کی ابتدہ تلاوت کلام پاک سے کی گئی، حروں کے روحانی پیشوہ پیر پگاڑہ سید صبغت اللہ راشدی نے کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام اور عباسی برادران کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے یہ کنوینشن منعقد کیا، انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کو ووٹ کافی ملے جو دو دن بعد کسی اور پارٹی کے کھاتے میں چلے گئے، انہوں نے کہا کہ خاکروب کی نوکری بھی بیچنے والے زرداری نے کونسا کارنامہ سرانجام دیا کہ بھٹو کے وارث بن گئے، پیر پاگاڑہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے افوج پاک کا کردار اہم ہے، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں امن قائم کیا، ملکی سالمیت کی حفاظت کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں، پیر پاگاڑہ نے کہا کہ کسانوں سے گندم بیچنے کے حقوق بھی چھین لیئے گئے ہیں، اور لاڑکانہ کی سڑکیں دھول اڑاتی اور گاڑیوں کے لئے جہنم ہیں، میں جی ڈی اے کے پلیٹفارم پر دوستوں کے ساتھ کھڑا رہونگا، اور آج کی نئی پیپلزپارٹی کے رہنما زرداری کے خلاف سلطانی گواہ بن گئے ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا جنجھال کردیا ہے، جی ڈی اے صوبے اور ملک کی بڑی پارٹی بن کر عوام کی خدمت کرے گی، اس سے قبل کارکنان و حروں کی جانب سے پیر پاگاڑہ کی آمد فلک شگاف نعریبازی کی گئی۔

(جاری ہے)

کنوینشن کی ابتدہ میں سابق ایم پی اے حاجی منور عباسی نے خوش آمدید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر پاگاڑہ سمیت کنوینشن میں آنے والی مرکزی قیادت کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج کی پیپلزپارٹی بھٹو کی نہیں زرداری کی پارٹی ہے، زرداری پارٹی نے کبھی کسان اور مزدور کے حقوق کی بات نہیں کی۔ کنوینشن سے شہر یار مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو 14 یونیورسٹی دینے کی بات کرنے والے بلاول بھٹو کے حلقہ انتخاب میں پرائمری اسکول بند پڑے ہیں، جان بوجھ کر سندھ میں تعلیم اور صحت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، ہم پیر پگاڑہ کا ساتھ دے کر کرپشن کو ختم کریں گے، 10 سالوں کا گند 9 ماہ میں صاف نہیں کیا جاسکتا۔

سید غوث علی شاھ نے کہا کہ عباسی برادران کو لاڑکانہ میں کنونشن منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ذوالفقار بھٹو نے پیپلزپارٹی کو پروان چڑہایا، جبکہ زرداری پارٹی نے بھٹو کی محنت ضائع کردیا، حکومت کو ٹف ٹائم دینے والی صرف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس پارٹی ہی ہے، جبکہ سندھ حکومت کسانوں کی محنت پر کرپشن کرتی ہے۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ زندگی بھر ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کے ساتھ سیاست کی، اب جعلی زرداری پارٹی کا صفایا کرنے کے لئے جی ڈی اے کا ساتھ نبھائیں گے، ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ 92 ارب سے زائد ترقیاتی کاموں کی فنڈنگ ہضم کرکے لاڑکانہ کو تباہ کیا گیا، پیر پگاڑہ کے باکردار ہونے کے باعث آج جی ڈی اے جعلی پیپلزپارٹی کے سر میں درد ہے، معظم عباسی نے جعلی پیپلزپارٹی کو لاڑکانہ میں شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجا ڈالی ہے، سید صدرالدین شاھ راشدی نے کہا کہ محترمہ کی وسیعت چرا کر جعلی پیپلزپارٹی وجود میں آئی، وسیعت چرانے کے بعد پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما کی خاموشی معنی خیز ہے، غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جی ڈی اے کی جانب سے عوام کی حق کی بات کی گئی، جبکہ زرداری پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا، آج کی جعلی پیپلزپارٹی نے ڈانسر پر پیسے لٹائے، مگر عوام پر نہیں، کرپٹ نظام اور حکومت کے خلاف جہاد جاری رہے گا۔