Live Updates

25 اپریل 1996 کو لگائی جانے والی کونپل آج شجرِ سایہ دار بن چکی ہے، سیف اللہ نیازی

اپنے قیام کے 23 ویں برس تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت اور وفاقِ پاکستان کی علامت بن چکی ہے چیف آرگنائزر کا تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان کے نام تہنیتی پیغام

جمعرات 25 اپریل 2019 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے کہا ہے کہ 25 اپریل 1996 کو لگائی جانے والی کونپل آج شجرِ سایہ دار بن چکی ہے، اپنے قیام کے 23 ویں برس تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت اور وفاقِ پاکستان کی علامت بن چکی ہے۔ یہ بات تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے پاکستان تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان کے نام جاری کردہ اپنے تہنیتی پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک ہرجگہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ جڑ چکے ہیں، 23 برس کی صبر آزما جدوجہد کے بعد مرکز و صوبوں میں حکومتوں کی شکل میں قوم کی خدمت کا موقع میسر آیا ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں نظام کی اصلاح کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کو جدید اور منظم ترین سیاسی جماعت میں ڈھالنے کی تیاریاں بھی مکمل کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو بانی چیئرمین و وزیراعظم ملکی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے تیار کیے گئے جدید ترین آئینی ڈھانچے کا اعلان کریں گے۔23ویں یوم تاسیس کی موقع پر راہ وفا میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ساتھیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اوران 23 برسوں میں ہمیں داغِ مفارقت دینے والوں کی بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں۔

تجدید عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنا کرہی دم لیں گے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارکنان کی 23 سالہ جدوجہد کے نتیجے میں تحریک انصاف آج اہم مقام پر کھڑی ہے۔ اقتدار کا حصول نہایت اہم تاہم حقیقی منزل نہیں۔ ملک میں حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے بہت سا سفر ابھی باقی ہے۔عمر چیمہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود کو منظم کرکے نئی منزلوں سے آشنا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات