وفاقی وزیر برائے تعلیم کا پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ اور پی این ایس درمان جاہ کا دورہ

جمعہ 26 اپریل 2019 01:58

وفاقی وزیر برائے تعلیم کا پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ اور پی این ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2019ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے اورماڑہ میں پاکستان نیوی کیڈٹ کالج،پاک بحریہ کے اسپتال پی این ایس درمان جاہ اور جناح نیول بیس اورماڑہ کا دورہ کیا۔ پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ آمد پر پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ کموڈور مسعود الحسن نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

کیڈٹ کالج اورماڑہ میں وفاقی وزیر کو کالج میں موجود سہولیات، تربیتی پروگرام اور کالج کی قابل ذکر تعلیمی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہیں بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور ان علاقوں میںبحریہ کے تعلیمی اداروں کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بعد ازیں، معزز مہمان نے جناح نیول بیس اورماڑہ اور پاک بحریہ کے اسپتال پی این ایس درمان جاہ کا بھی دورہ کیا جہاں مقامی افراد کو بلا معاوضہ صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ وفاقی وزیرنے قومی تعمیر و ترقی خصوصا بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے پاک بحریہ کے شاندار اقدامات کو سراہا ۔