اسلام آباد میں شدید طوفان باد و باراں سے 25 کے قریب شہری زخمی، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی

جمعہ 26 اپریل 2019 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) وفاقی دارالحکومت میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شدید طوفان باد و باراں سے 25 کے قریب شہری زخمی ہو گئے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ تیز آندھی سے شہر میں درخت جڑوں سے اکھڑ کر دور دور جا گرے، درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، گاڑیوں کی چھتیں پچک گئیں اور شیشے ٹوٹ گئے۔

آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی مدد کے لئے خصوصی سکواڈ قائم کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب آناً فاناً وفاقی دارالحکومت کا مطلع ابر آلود ہو گیا اور ساتھ ہی بارش اور تیز آندھی نے خوفناک طوفان کی شکل اختیار کر لی جس کے نتیجہ میں دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔

(جاری ہے)

طوفان کی زد میں آ کر 25 سے زائد شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر پمز ہسپتال اور پولی کلینک پہنچایا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد پہنچائی گئی۔ تاہم ہسپتالوں کی انتظامیہ سے اور پولیس کنٹرول کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کوئی بڑا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم تیز ہوا سے اکھڑ کر درخت درجنوں گاڑیوں کے اوپر جا گرے۔ شدید بارش کے باعث متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس سے کچھ لوگوں کے زخمی ہونے سمیت گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کی چھتیں پچک گئیں اور شیشے ٹوٹ گئے۔