سندھ فوڈ اتھارٹی کے 5 رکنی وفد کی ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب سے ملاقات

قانون سازی پر مشاورت،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پیشہ وارنہ و انتظامی امور پر بریفنگ دی

جمعہ 26 اپریل 2019 01:10

لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) پنجاب کے ماڈل پر سندھ میںبھی ملاوٹ مافیا کیخلاف تیاریاں شروع کر دی گئیں، اس حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے 5 رکنی وفد نے ہیڈکوارٹرمیں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان سے ملاقات کی،وفد کوپنجاب فوڈ اتھارٹی کے پیشہ وارنہ اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ماڈل پر سندھ میں ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے سندھ فوڈ اتھارٹی کے 5 رکنی وفد نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے ملاقات کی ہے،وفد کوپنجاب فوڈ اتھارٹی کے پیشہ وارنہ ، انتظامی امور اور قانون سازی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، وفد کوتمام ونگز کے سر براہان کی جانب سے ادارے کے آپریشن، لیبارٹری تجزیے، ٹریننگ سکولز ،نیوٹریشن کلینک اور اویرنیس پروگرامز کے کام کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پرڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خوراک کے معیار کو بہترین بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی ایک مثالی ادارہ ہے،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین، لائحہ عمل مکمل، جامع اور قابل تقلید ہیں، ڈاکٹر مہوش قلبانی نے مزید کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایک مکمل ادارہ ہے، بریفنگ سے تمام افعال اور امورمزید آسان ہوگئے ہیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ وفدکو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے انتظامی امورپر بریفنگ دی گئی ہے جبکہ آج بروز جمعہ فیلڈ آپریشن کا طریقہ کار بتایا جائے گا اور سندھ فوڈ اتھارٹی افسران فیلڈ ٹیموں کے ساتھ دن گزاریں گے،کیپٹن (ر) محمد عثمان نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق تمام صوبوں کی راہنمائی کر رہے ہیں، خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ملک بھر میں فوڈ اتھارٹیز کا فعال ہونا ناگزیر ہے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام صوبوں میں فوڈ اتھارٹیز کے قیام میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔