Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم سب متحد ہیں ، ملک میں احتسا ب کا عمل جاری رہے گا، آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائیگا ،تحریک انصاف عام انتخابات میں قوم سے کئے جانیوالے ہر وعدے کو پورا کرے گی، گورنر پنجاب

جمعہ 26 اپریل 2019 01:10

لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم سب متحد ہیں اور ملک میں احتسا ب کا عمل بھی جاری رہے گا، آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائیگا ،تحریک انصاف عام انتخابات میں قوم سے کیے جانیوالے ہر وعدے کو پورا کرے گی، موجودہ حکومت نے پاکستان کو بدترین معاشی بحران سے باہر نکالا ہے۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں میاں ذکر حسین اورعاقفہ سعید کی قیادت میں آنے والے معذور افراد سمیت مختلف وفودسے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پہلی دفعہ کسی حکومت نے اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کر دیا ہے جبکہ ملک میں امیر اور غر یب کی تفر یق بھی ختم کر کے دو نہیں ایک پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار غر بت کے خاتمے کیلئی''احساس''پروگرام اور ہیلتھ کارڈ جیسے پروگرام کا مقصد صرف اور صرف ملک میں غریب عوام کو انکے حقوق اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی بیڈ گورننس اور کرپشن کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے مگر جلد قوم کو معاشی مسائل سے بھی نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے صرف باتیں نہیں عملی اقدامات کئے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ سعودی عرب ،چین ،ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات