انشورنس دینے کا حکومتی وعدہ پورا نہ ہونے پربھارتی گائوں کے تین ہزار کسانوں کا ووٹ ڈالنے سے انکار

جمعہ 26 اپریل 2019 10:00

جام نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) بھارتی ریاست گجرات میں ایک گائوں کے تین ہزار کسانوں نے حکومت کی جانب سے انشورنس دینے کا وعدہ پورا نہ ہونے پر ووٹ ہی نہیں ڈالے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ضلع جام نگر کی تحصیل لال پور کے گائوں میں انتخابات کے لئے 4 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تاہم وہاں تین ہزار سے زائد کسانوں میں سے کسی نے ووٹ نہیں ڈالا،ان کا موقف ہے کہ گزشتہ سال سے علاقے میں بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ سے مونگ پھلی کی کاشت کے علاقوں میں ان کسانوں کو سخت مالی نقصان درپیش ہیں اور بعض گھرانوں میں کھانے کو پیسے نہیں ہیں،ان سب کو بھروسہ تھا کہ ریاستی حکومت کے وعدہ کے تحت ان کو تک انشورنس کی رقم ملے گی لیکن ایسا نہیں ہوا جس پر کسانوں نے ووٹ ہی کاسٹ نہیں کیا۔