بھارتی ائیر فورس نے پہلی بار بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا

کہا ں کیا غلطی ہوئی،مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کیوں ناکام ہوئے؟ بھارتی ائیر فورس نے " حاصل شدہ سبق" کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں سب بتا دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 26 اپریل 2019 11:27

بھارتی ائیر فورس نے پہلی بار بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل2019ء) بھارتی ائیر فورس حکام نے پہلی بار بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ اس حملے میں بھارتی فضائیہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دی ہندوستان ٹائمز اور دیگر بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ائیر فورس کی رپورٹ جس کا عنوان " حاصل شدہ سبق" تھا میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج 2000 ائیر کرافٹ اپنا مطلوبہ اہداف پورا نہیں کر سکا۔

بھارتی ائیر فورس حکام کی تازہ رپورٹ نے آسٹریلیا کے اسٹرٹیجک پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کی تصدیق کر دی۔جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے پرسیشن گائیڈڈ ہتھیاروں کی پروگرامنگ کو صحیح طریقے سے سیٹ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ائیر فورس نے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے۔

(جاری ہے)

حکام کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ائیر فورس کی جانب سے ائیر کرافٹ میں نصب جدید سسٹم کی مہارت پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔

بھارتی ائیر فورس کے ایک سینئیر اہلکار نے ہندوستان ٹائمر کو بتایا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہوا کہ ائیر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بھارت کو او ای ایم سسٹم کی اشد ضروت ہے اگرچہ اس سسٹم کی لاگت بہت زیادہ ہے۔ بھارتی ائیر فورس حکام کی جانب سے جاری اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک تقریب کے دوران اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بالاکوٹ میں بھارتی فضائی حملے میں کوئی پاکستانی شہری یا فوجی جاں بحق نہیں ہوا۔

اس سے پہلے بھارت لگاتار دعویٰ کرتا آرہا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے بالاکوٹ میں حملہ کر کے جیش محمد کے کیمپ کو تباہ کر دیا اور 300 سے زائد مبینہ دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں تاہم بعد میں بھارتی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعتراف کر لیا کہ بالاکوٹ حملے میں کوئی پاکستانی شہری یا فوجی جاں بحق نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ 14فروری کو پلوامہ میں بھارتی فوج پر خود کش حملے کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا اور 26 فروری کو پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں بھارتی جہازوں نے پے لوڈ گرانے کے بعد بھارت نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان میں 300 سے زائد انتہا پسند مار دیے ہیں لیکن پاکستان نے ان تمام دعوؤں کی تردید کی اور بالاکوٹ میں اس جگہ غیرملکی صحافیوں، ملٹری اتاشیوں اور سفراء کو لے جا کر معائنہ کروایا کہ بھارتی بم جنگل میں ایسی جگہ گرے جہاں کوئی شخص یا کیمپ موجود نہیں تھا۔

بھارت کا پاکستانی ایف 16طیارہ گرانے کا دعویٰ بھی جھوٹا نکلا تھا جس کے بعد بھارت نے ابتدائی طور پر اعتراف کیا ہے کہ بالاکوٹ میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔